حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،١٣ محرم الحرام ۱۴۴۴ھ جمعہ کو یاٸل راولپورہ سرینگر میں رحمتہ اللعالمین فاؤنڈیشن جموں و کشمیر کے اہتمام سے یوم حسین علیہ السلام کی ایک عظیم الشان تقریب منعقد ہوٸی ہے۔جس میں تاجدار کربلا اور انک باوفا و جانثار ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلۓ عقیدت مندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے علماء و دانشور حضرات، جن میں پیروان ولایت جموں و کشمیر کے سربراہ حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سبطِ محمد شبیر قمی صاحب قبلہ کے علاوہ، حجۃ الاسلام والمسلمین جناب آغا سید یوسف صاحب پاٹواو بڈگام،مولانا مفتی مدثر صاحب،مولانا ہلال احمد صاحب،مولانا مزمل صاحب نے شرکت کی۔
علماء و دانشور حضرات نے اپنے منفرد انداز میں شہداء کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مسلمان جہاں سے آپسی اتحاد و بھاٸی چارہ کو فروغ دینے پر زور دیا اور کہا کہ آج کل جو ہماری ملت تنزلی کی شکار ہوتی دکھاٸی دے رہی ہے وہ صرف اسلۓ ہے کہ ہم نے خود رحمتہ اللعالمین رسولِ ثقلین صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اور انکے اہلبیت علیہم السلام کی تعلیمات پس پشت ڈال کر ایک نٸی ڈگر پہ اپنی زندگی چلانا شروع کردی ہے جس میں بغیر پچھتاوے کے کچھ بھی راس نہیں آنے والا۔
مقررین نے کہا کہ اگر اب بھی ہم اپنی زندگی کی کشتی کو موج بلا سے نجات دلانا چاہتے ہیں تو وہ صفینہ نجات اہلبیت اطہار علیھم السلام کا دامن پکڑے بغیر ممکن نہیں ہوسکتا ہے۔ تقریب کی نظامت کے فراٸض رحمتہ اللعالمین فاؤنڈیشن کے چیئرمین جناب شیخ فردوس صاحب نے انجام دیا۔